Type Here to Get Search Results !

قرآن کتابِ ہدایت ہے

 


قرآن کتابِ ہدایت ہے 

تحریر : پروفیسر عامر حسن برہانوی 


قرآن مجید ہدایت کی کتاب ہے۔ یہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی جانب سے تمام انسانوں کی رہنمائی کے لیے نازل کی گئی ہے۔ چناں چہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے ارشاد فرمایا:

شَهۡرُ رَمَضَانَ الَّذِىۡٓ اُنۡزِلَ فِيۡهِ الۡقُرۡاٰنُ هُدًى لِّلنَّاسِ 

رمضان کا مہینہ (وہ ہے) جس میں قرآن اتارا گیا ہے جو لوگوں کے لئے ہدایت ہے۔ (سورہ البقرہ آیت نمبر 185)

مندرجہ بالا آیت اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ قرآن مجید تمام انسانوں کی ہدایت کے لیے نازل کیا گیا ہے۔ تو اب ضروری ہے کہ انسان قرآن مجید کا جب بھی مطالعہ کرنے بیٹھے تو اس نیت سے مطالعہ کرے کہ مجھے اس کتاب سے ہدایت حاصل کرنی ہے۔

قرآن کریم سے ہدایت حاصل کرنے کی دو شرائط ہیں۔ ایمان اور تقویٰ۔ اس حوالے سے ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَلَقَدۡ جِئۡنٰهُمۡ بِكِتٰبٍ فَصَّلۡنٰهُ عَلٰى عِلۡمٍ هُدًى وَرَحۡمَةً لِّـقَوۡمٍ يُّؤۡمِنُوۡنَ‏ 

اور بیشک ہم ان کے پاس ایسی کتاب (قرآن) لائے جسے ہم نے (اپنے) علم (کی بنا) پر مفصّل (یعنی واضح) کیا، وہ ایمان والوں کے لئے ہدایت اور رحمت ہے (سورہ الاعراف آیت نمبر 52)

طٰسٓ  تِلۡكَ اٰيٰتُ الۡقُرۡاٰنِ وَكِتَابٍ مُّبِيۡنٍۙ‏ 

هُدًى وَبُشۡرٰى لِلۡمُؤۡمِنِيۡنَۙ‏ 

طا، سین (حقیقی معنی اﷲ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی بہتر جانتے ہیں)، یہ قرآن اور روشن کتاب کی آیتیں ہیں۔ (جو) ہدایت ہے اور (ایسے) ایمان والوں کے لئے خوشخبری ہے (سورہ النمل آیت نمبر 1-2)

ان آیات میں پہلی شرط بیان ہوئی یعنی ایمان لانا۔ اب دوسری شرط ملاحظہ فرمائیں:

ذٰلِكَ الۡڪِتٰبُ لَا رَيۡبَ ۛۚ  ۖ فِيۡهِ ۛۚ هُدًى لِّلۡمُتَّقِيۡنَۙ‏ 

(یہ) وہ عظیم کتاب ہے جس میں کسی شک کی گنجائش نہیں، (یہ) متقین (یعنی پرہیز گاروں) کے لئے ہدایت ہے۔ (البقرہ آیت نمبر 2)

یعنی اگر آپ قرآن سے ہدایت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو قرآن کریم کی حقانیت پہ ایمان لانا ہو گا۔ قرآن کریم کو ایک سچی کتاب تسلیم کرنا پڑے گا۔ اور ماننا پڑے گا کہ یہ اللہ کا کلام ہے۔ نیز قرآن مجید میں جو عقائد اور احکام بیان ہوئے ہیں انھیں بھی دل سے تسلیم کرنا ہو گا۔ اور اپنے اندر تقویٰ یعنی خدا کا ڈر پیدا کرنا پڑے گا۔ گناہوں کی زندگی سے بچنا اور نیکی کو اختیار کرنا پڑے گا۔ تبھی آپ اس قابل ہو سکیں گے کہ آپ قرآن مجید سے ہدایت حاصل کر سکیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.